بین الاقوامی

دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کا اپنے وطن سے اظہار محبت

بھارت، چین اور سعودی عرب میں بھی یوم پاکستان کی تقاریب منائی گئیں. خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بچوں نے ملی نغمے گا کر پاکستانیوں کا لہو بھی خوب گرمایا۔ تئیس مارچ، یوم پاکستان، پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں نے اپنے ملک سے محبت کا اظہار کیا. بھارت، چین اور سعودی عرب کی فضا بھی پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب ہوئی۔ بھارت میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے پرچم کشائی بھی کی۔ خواتین نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے جبکہ بچوں نے ملی نغمے گا کر شرکاء کا لہو گرمایا۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بھی یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ چینی خاتون نے اپنے مخصوص اور دلکش انداز میں “جیوے پاکستان” نغمہ گا کر شرکاء کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
ادھر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ قائم مقام سفیر ذیشان احمد نے پرچم کشائی کی۔ مقررین نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان میں جلد معاشی انقلاب برپا ہونے کی نوید بھی سنائی۔ دیار غیر میں یوم پاکستان کی تقریب نے وہاں بسنے والے پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کو مزید بلندیوں تک پہنچا دیا۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers