قومی

لاہور: احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال، رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت

لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں گواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر لیا۔ شہباز شریف نے عدالت میں بیان دیا کہ انہوں نے آشیانہ میں کرپشن پکڑی، برسوں تک قوم کی خدمت کی۔ ان کے خلاف نیب نے جھوٹے اور بے بنیاد ریفرنس بنا دئیے.
لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی. عدالتی حکم پر شہباز شریف عدالت پیش ہوئے، عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ حمزہ شہباز کو جسمانی ریمانڈ پر ہونے کے باعث پیش نہیں کیا گیا. عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ آشیانہ اقبال کیس میں شہباز شریف نے بیان دیتے ہوئے کہا میں نے قوم کے اربوں بچائے، میرے خلاف جھوٹے اور فراڈ کیس بنائے گئے. نیب قوم اور عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے۔
عدالت نے شہباز شریف اور دیگر ملزموں کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی. عدالت نے آشیانہ اقبال کیس کی سماعت 29جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت کئے گئے. احتساب عدالت کے باہر رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کر دئیے گئے، جس سے راہگیروں، وکلاء اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Comment here

Subscribers
Followers