بین الاقوامیقومی

واشنگٹن پاکستان کے رنگ میں رنگ گیا-

واشنگٹن میں پاکستانی ماحول، کیپیٹل ون ارینا میں پاکستان زندہ باد کی گونج، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، بیرون ملک پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خآن کا پرتپاک استقبال کیا، پورے ارینا میں پارٹی اور پاکستانی پرچموں کی بہار، گلوکار سلمان احمد نے جذبہ جنوں گا کر لوگوں کا جوش بڑھایا- سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹوئٹر پہ کپتان کا جلسہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا-

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے واشنگٹن کے کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونیٹی سے خطاب کیا جہاں بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا- پورا ارینہ پاکستانی ماحول میں ڈھل گیا، ہر طرف پارٹی ور ملکی پرچموں کی بہار تھی- لوگوں نے عمران خان، پی-ٹی-آئی اور پاکستان کے حق میں خوب نعرےبازی کی- جب کہ کچھ منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پہ بھنگڑا کر کے ملک سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا- اس کے علاوہ معروف گلوکار سلمان احمد نے ارینا میں جذبہ جنوں گا کر لوگوں کا جوش مزید بڑھایا-

تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاکستانیوں نے ثابت کردیا وہ زندہ دل ہیں، آپ کے ولولے کو دیکھ کر بہت لوگ خوش ہیں،کچھ پریشان بھی ہیں، ہم ہاتھ میں کشکول لے کر امریکا نہیں آئے- اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی تقریبات سفارت خانوں اور ہوٹلوں میں ہوتی رہیں، یہ پہلا وزیراعظم ہے جو کمرشل پرواز سے آیا ہے، پہلا وزیراعظم ہے جو کسی فائیو اسٹار ہوٹل نہیں بلکہ پاکستان ہاؤس میں ٹھہرا ہے- وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امن اور خوشحالی کی راہداریاں تعمیر کرنے نکلے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات پاکستان کی برآمدات کے برابر ہیں، ایک آپ کی محبت ہے ایک وہ طبقہ ہے جو منی لانڈرنگ کرکے پیسہ بیرون ملک بھیجتا ہے۔

وزیراعظم کے واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے ہونے والے خطاب پہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ افسوس، وزیراعظم بیرون ملک میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی کنٹینر سے نہیں اترے، عمران خان لیڈر نہیں بلکہ ایک حکمران ہیں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جوصرف اپنی نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کی بات کرے، اگر حکومت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور اپوزیشن بھی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی تو ملک کون چلائے گا؟

جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی اپنے رد عمل میں کہا کہ عمران صاحب! خطاب میں یہ بھی بتاتے کہ آج ملک میں روٹی، کاروبار، صنعت، روزگار اور آواز سب بند ہیں،امریکا میں پاکستانیوں کو یہ بھی بتاتے کہ آپ نے ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کر دیا ہے-
واشنگٹن میں ہونے والی اس تقریب پرترجمان وزیراعلی پنجاب شہباز گل نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن میں پاکستانیوں کے جذبے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں، کیپٹل ون ارینا کا اسٹیڈیم لاہور اور کراچی کا منظر پیش کر رہا تھا، عمران خان سے محبت کے اظہار کی مثال نہیں ملتی۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers