قومی

وزیراعظم کا امریکہ سے واپسی پر شاندار استقبال

وزیراعظم کا امریکہ سے واپسی پر شاندار استقبال، ائیرپورٹ پر مختصر گفتگو میں بولے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ورلڈ کپ جیت کر آرہا ہوں، جب تک کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کریں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا، نہ کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دینا ہے- ہم نے ادارے ٹھیک کرنے ہیں اور آپ دیکھیں گے کہ کیسے یہ ہمارا ملک ایک عظیم ملک بن کر کھڑا ہو گا-

وزیراعظم عمران خان دورہ امریکہ مکمل کرنے کے بعد نجی ائیر لائن کی پرواز سے رات 1:30 بجے وطن واپس پہنچے تو وفاقی وزرا، اراکین اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ائیرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا- پی ٹی آئی رہنماؤں میں فواد چودھری، مشیر خصوصی فردوس عاشق اعوان، غلام سرور خان، مراد سعید، علیم خان، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین بھی شامل تھے۔ کارکنان بڑی تعداد میں عمران خان کا استقبال کرنے ائیر پورٹ پر آئے تھے انہوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پہ رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا-

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر اپنے خطاب میں اپنے شاندار استقبال پر سب کا شکریہ ادا کیا۔ بولے کہ آج ایسا لگ رہا ہے کہ میں کسی دورے سے نہیں بلکہ ورلڈکپ جیت کر آرہا ہوں۔ اللہ نے 27رمضان کو پاکستان کا تحفہ دیا تھا، پاکستان اللہ کا خاص تحفہ ہے، جو آپ کا ملک ہے، اس عزم کو کبھی نہ بھولنا ہم نے عظیم قوم بننا ہے۔ نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ اپنی قوم کو جھکنےدوں گا، بھیک مانگنے اور کسی طاقتور کے سامنے جھک کر کوئی قوم نہیں بنتی،جو اپنی عزت کرتا ہے دنیا بھی اسی کی عزت کرتی ہے۔ اداروں میں اصلاحات لائیں گے، نوجوانوں کو روزگار دیں گے، وعدہ کرتا ہوں اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا سے واپسی پر خطاب .#AapNews #PMIK #WelcomeHomePMIK

Posted by Aap News on Wednesday, July 24, 2019

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ایک سال لگ گیا ہے ملک کو سنبھالنے میں، ہمارے جیسے ممالک سے لوگ پیسا چوری کرکے باہر لے گئے. میں نے ان ممالک کو کہا ہے کہ لوٹا گیا پیسا واپس کرانے میں ہماری مدد کریں۔ چور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو پاکستان آج ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا، آج ہی کے دن اس قوم نے مجھے الیکشن جتوایا تھا- ڈاکو ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ کرگئے-لہذا ملک کا دیوالیہ کرنے والوں کو جب تک جیلوں میں نہیں ڈالیں گے اور احتساب نہیں کریں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ -اسی ملک سے پیسہ جمع کرکے اسپتال بنائیں گے، بچوں کو پڑھائیں گے-

صدر ٹرمپ سے ملاقات میں جہاں دونوں ممالک کے طویل عرصہ سے کشیدہ تعلقات میں بہتری آئی ہے وہاں خطے کے دیگر معاملات میں پاکستان کی اہمیت بھی بڑھتی دکھائی دیتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے عمران خان سے ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا اور آئندہ بھی نبھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس لحاظ سے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو کامیاب تصور کیا جا رہا ہے-

دورہ امریکہ میں وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اراکین کانگریس کے علاوہ پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے کیپیٹل ارینا میں جلسے سے خطاب بھی کیا اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے-

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers