قومی

پہلا نشان حیدر پانے والے راجہ محمد سرور کی آج 71ویں برسی

پہلا نشان حیدر پانے والے دھرتی کے بہادر سپوت کو قوم کا سلام، راجہ محمد سرور شہید 27 جولائی کو کشمیر کے محاذ پر جرات اور دلیری سے لڑے، دشمن کو مورچوں سے بھاگنے پر مجبور کر دیا سینے پہ گولی کھا کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے-

قوم کے اس بہادر سپوت نے10 نومبر 1910 میں راولپنڈی کے قریب سنگھوڑی نامی گاؤں میں جنم لیا جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی، جس کے بعد فیصل آباد سے میٹرک پاس کیا- ان کاتعلق ایک فوجی گھرانے سے تھا- پاکستانی جوان نے فیصل آباد سے میٹرک پاس کیا اور گریجوایشن کے بعد اپنے والد کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے فوج میں بھرتی ہونے کا ارادہ کیا-

راجہ محمد سرور شہید 1929 میں انڈین آرمی کی بلوچ رجمنٹ میں بطور حوالدار بھرتی ہوئے، اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر 1939 میں نائب صوبےدار کا درجہ حاصل کیا- 1939 میں ان کو انڈین ملٹری اکیڈمی میں ٹرینینگ کے لیے مدعو کیا گیا، جس کے بعد پنجاب رجمنٹ کی پہلی بٹالین میں اپنی خدمات سرانجام دیں- 1944 میں برما میں ملٹری آپریشنز میں عمدہ کاکردگی دکھانے پر برطانوی انتظامیہ نے انہیں برما سٹار سے نوازا-

1947 میں راجہ سرور کو پاکستان آرمی کے کور سگنل میں بطور کیپٹن فروغ دیا گیا- آزادی کے بعد 1948 میں جب مسٔلہ کشمیر پر پہلی پاک بھارت جنگ ہوئی تو انہوں نے کشمیر کے مقام پر اپنی خدمات دینے کے لیے خود کو پیش کیا- 26 جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں اُڑی کے مقام پر ان کی یونٹ کا دشمنوں سے سامنا ہوا- دشمن کے مقابلے اپنی پوزیشن کمزور ہونے کے باوجود دیدہ دلیری کے ساتھ دشمن کے قلعے کی اور بڑھتے رہے۔

پاکستانی شیر نے مشین گن کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے 40 فوجیوں کو موت کی گھاٹ اتار کر جہنم واصل کیا- دشمن کی اور بڑھتے ہوئے انہیں خاردار تاروں کا سامنا تھا- کیپٹن محمد سرور شہید نے تاریں کاٹ کر اپنی یونٹ کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ ہموار کیا کہ اسی دوران دشمن کی گولی پاک فوج کے اس جوان کے سینے میں آ لگی جس کے باعث انہوں نے جام شہادت نوش کیا-

ان کی تدفین اُڑی میں واقع ہلپاترہ کی پہاڑی پہ کی گئی- 23 مارچ 1956 کو حکومت پاکستان نے وطن نے اس بہادر سپوت کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا- راجہ سرور کا نام پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جاتا ہے- وہ آج بھی قوم کے دلوں میں امر ہیں-

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers