قومی

سرحد پار دہشتگرد حملے میں 10 جوان شہید ہو گئے

وطن کے رکھوالوں نے وطن کے چپے چپے کے دفاع کا عہد پورا کر دیا، سرحد پار دہشتگرد حملے میں 10 جوان قربان ہو گئے- شہادت پانے والوں کا سفر آخرت ،آج 8 شہداء کی تدفین آبائی علاقوں میں کی جائے گی- وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شہیدوں کو خراج عقیدت-

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں میں پاک فوج کے 10 جوانوں نے شہادت کا سہرا اپنے سر سجایا ۔ شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کی طرف سے دہشت گردوں نے پاک فوج کی گشت پر مامور ٹیم پر حملہ کیا، جوان سرحد پرمعمول کے گشت پر تعینات تھے۔ شہید ہونے والے جوانوں میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، بچل، علی رضا، محمد بابر اور احسن شامل ہیں۔ دوسری طرف امن کے دشمنوں نے بلوچستان میں بھی ایف سی پر حملہ کیا ہے، اس حملے میں کیپٹن سمیت 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔

 

ڈی جی شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے قربانیاں دے رہا ہے، قبائلی علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند دشمن عناصر بلوچستان کو پھر سے غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، دشمن عناصر کی بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ان شاءاللہ ناکام ہوگی۔

 

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی اس کاروائی میں جاں بحق ہونے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے10شہداء کی تصویریں شیئر کردیں۔ اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی جی شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے تصاویر کے ساتھ ایک پیغام جاری کیا ہے جس کا عنوان ’’ بےلوث قربانی۔ ہمارے شہداء ہمارا فخر‘‘ ہیں۔

https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1155143631503839236

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید 10 جوانوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی۔ اور اپنے بیان میں کہا کہ شہید فوجی جوانوں کو خراچ عقیدت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے، شہید جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 

دوسری جانب چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے تھا کہ شہداء اور ان کے لواحقین کو سلام، اپنے خون اور پسینے کی قیمت پہ وطن کے دفاع اور سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے-

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers