قومی

راولپنڈی میں بڑا حادثہ، پاک فوج کا طیارہ گر کر تباہ

راولپنڈی میں بڑا حادثہ، پاک ایوی ایشن کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران آبادی پر گر گیا، حادثے میں 2 پائلٹس اور عملے کے 5 افراد سمیت 18 افراد جاں بحق، 12 سے زائد زخمی ہسپتال میں زیر علاج، جاں بحق افراد کی میتیں شناخت کے لیے سی-ایم-ایچ بھیج دی گئیں-

راولپنڈی کے علاقے ربیع سنٹر کے قریب پاک آرمی کا تربیتی طیارہ آبادی پر گر گیا جس سے 3 مکانوں‌ کو آگ لگ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 2 پائلٹس اور عملے کے 5 ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔جن میں لیٖفٹننٹ کرنل ثاقب اور وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور رحمت شامل ہیں۔ تربیتی طیارہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیانی علاقے روات کے قریب گاؤں میں گرا۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی-ایس-پی-آر) کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک کریش لینڈنگ کے باعث گرکر تباہ ہوگیا- واقعے میں 12 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ طیارہ گرنے سے متعدد مکانوں میں آگ لگ گئی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں حادثے کی جگہ پر پہنچیں، امدادی ٹیموں نے حادثے کے باعث لگنے والی آگ کو بجھایا جبکہ 12 زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔

کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر نے حادثہ کی جگہ کا دورہ کیا جہاں انھیں طیارہ کریش ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں میں جمیل، روبینہ، ذوہیب، پری، فاطمہ، عظمی، بشیر، عبدالحفیظ، راحیلہ، فیضان، فائزہ، عبدالروف اور آمنہ بی بی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی- عینی شاہد کے مطابق رات تقریباً 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے۔

طیارہ حادثے میں شہید پائلٹس اور عملے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers