قومی

کلین کراچی مہم آج سے شروع ہو گی

کلین کراچی مہم آج سے شروع ہو گی۔ وفاقی وزیر علی زیدی کہتے ہیں کہ پہلے مرحلے میں 6 اضلاع کے 32 نالوں کی صفائی کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں شاہراہیں اور گلیاں صاف ہونگی۔ ایک ہزار سے زائد رضاکار مہم میں حصہ لیں گے۔

کراچی میں صفائی مہم کو شروع کرنے کے لیے کے پی ٹی ہیڈ آفس میں ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم رہنماء خالد مقبول صدیقی اور چیئرمین کے پی ٹی نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر علی زیدی اس مہم کو لیڈ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہم میں عوام کی جانب سے مالی معاونت کے لیے اکاؤنٹ نمبر بھی آج شیئر کردیا جائے گا۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ اگر نیت صاف ہو تو دنیا آپ کے ساتھ ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ آپ کے لیے دروازے کھولتا ہے۔ ہمیں صفائی کی اس مہم کے لیے 15ہزار رضا کار چاہیے۔ مہم کے لیے ضلع غربی میں 48 مقامات اور ضلع جنوبی و مشرقی میں 70 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ صفائی مہم کا کام دو مرحلوں میں ہوگا پہلے مرحلے میں 6 اضلاع کے 32 نالے صاف کیے جائیں گے۔

کراچی میں صفائی مہم کی تھیم ‘اب ہوگا صاف کراچی’ رکھی گئی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 14 اگست تک شہر کے 32 بڑے نالوں کو صاف جبکہ بند نالوں کو کھولا جائے گا۔ مہم میں دیگر سیاسی کارکن اور عوامی نمائندے بھی حصہ لیں گے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اس کلین کراچی مہم کے لیے قومی خزانے سے کوئی فنڈز نہیں لیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بہت سی ایسی جگہیں جہاں ڈمپر نہیں جا سکتے، اس لیے عوام کچڑا ڈمپر تک خود پہنچائیں۔ کراچی کے شہریوں کے تعاون کے بغیر کچرا صاف نہیں ہوسکتا۔ اس مہم میں کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر کام کرینگے۔ صفائی کیلئے مشینری اور لوڈررز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ایف ڈبلیو او کی ٹیم بھی اس مہم کودیکھے گی۔ ان کے پاس تجربہ اورمشینری بھی ہے۔

آپ کو بتاتےچلیں کہ اس ہفتے کراچی میں ہونے والی بارش کے سبب شہر میں ہر جگہ نکاسی آب کے مسائل پیدا ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’’انشا اللہ اس عظیم شہر کے شہریوں کے ساتھ مل کر دو ہفتے میں ہم کراچی کا تمام کچرا صاف کر دیں گے‘‘۔
ان کی اس ٹویٹ کو ٹوئٹر اور سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اور کئی سیاست دان، ڈاکٹر، انجینئر ، فنکار اور کاروباری کمپنیوں نے ان کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا تھا اور ان کی اس مہم میں اپنی بھرپور معاونت کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی۔

About Author

Comment here

Subscribers
Followers