بین الاقوامی

بھارتی فوج نے مزید 7 کشمیریوں کو شہید کر دیا

بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی ہر حد پار کر دی۔ کپواڑہ میں تازہ کارروائی کرتے ہوئے 7 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ احتجاج روکنے کے لیے چپے چپے پہ اہلکار تعینات کر دیے۔ شوپیاں میں شہید کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت کی۔ بھارت کے خلاف نعرے بازی۔

مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے مقام پر بھارتی فوج نے 7 افراد کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ ظلم کی انتہا کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

بھارتی فوج کے ترجمان نے بھارتی فوج کی کارروائی کی تصدیق کی اور بتایا کہ کشمیری نوجوانوں کو کیرن کے علاقے میں شہید کیا گیا ہے۔ بھارتی فورسز نے تلاشی کے بہانے خواتین،اور بچوں کوبھی گھروں سے نکال دیا ہے۔ دوسری جانب ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران گھر کے ملبے سے مزید 2 لوگوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

شوپیاں میں ایک شہید نوجوان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں نے شرکت کی۔ جس میں لوگوں نے بھارتی فوج کے خلاف سخت اور شدید نعرے بازی کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

آپ کو مزید بتاتے چلیں کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے مقامی یونیورسٹی کے 2 طالب علموں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا ہے۔ پچھلے کئی ماہ سے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے حوالے سے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے کئی رہنماء اپنے بیانات بھی نشر کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت کی جانب سے کشمیر سے سیاحوں اور ہندو زائرین کو فوری طور پر مقبوضہ وادی چھوڑنے کی ہدایت نے کشمیری عوام کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ صورتحال خراب ہونے کے خدشے کی وجہ سے مقامی افراد نے خوراک ادویات اور فیول کا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers