قومی

ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے

اپنی جانیں دے کر عوام کو تحفظ دینے والوں کو قوم کا سلام۔ آج ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے۔ لاہور میں سی سی پی او کی یادگار شہداء پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پشاور میں پولیس دستے کی شہید صفوت غیور کو سلامی۔ دیگر شہروں میں بھی تقریبات۔

یوم شہداء کے موقع پر آج شہداء کی جانب سے دی گئی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر کے دیگر شہروں میں پروگرام اور دعائیہ تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔

راولپنڈی میں پولیس لائنز میں منعقدہ تقریب میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اس تقریب میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت اور وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے بھی شرکت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ آج کوئٹہ، چمن، پشاور اور دیگر شہروں پر بھی شہدائے پولیس کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور میں سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے شہداء پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دیتی ہوئی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ سی ٹی او کیپٹن (ر) لیاقت علی کا کہنا تھا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر شہید پولیس آفیسر سید احمد مبین کی والدہ بھی موجود تھیں۔

دوسری جانب شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے آرمی چیف کا پیغام ٹوئٹ کیا جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ مضبوط فورس ہونے کا ثبوت دیا ہے، انسداد دہشتگری میں پولیس نے فورسز کے شانہ بشانہ کردار ادا کیا ہے ، پولیس کے شہدا اور انکے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی یوم شہداء کے موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل حالات، محدود وسائل کے باوجود پولیس نے امن اور عوام کی حفاظت کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔

About Author

Comment here

Subscribers
Followers