قومی

آصف زرداری کے ریمانڈ میں توسیع

سابق صدر آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع۔ فریال تالپور کا بھی ایک روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا۔ سابق صدر کی عید پر بچوں سے ملاقات کی درخواست۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی، سماعت جج محمد بشیر کے چھٹی پہ جانے کے باعث ڈیوٹی جج طاہرمحمود نے کی جس میں آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع کر دی گئی۔ عید کے روز بچوں سے ملاقات کرانے کی درخواست پرعدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ انتظامی معاملہ ہے، ہم اس پر کیسے حکم دے سکتے ہیں۔

جج نے کیس کے تفتشیی افسر کو پہلے روسٹرم پر بلایا اور اس سے پوچھا کہ آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ کو کتنے دن ہوگئے؟۔ تفتیشی افسر نے اس پر جواب دیا کہ آصف زرداری کے ریمانڈ کو 58 دن ہوگئے ہیں۔ جج نے تفتیشی افسر سے پہلے ریمانڈ کی ڈائری اور آج کی ڈائری پیش کرنے کی ہدایت کی، تفتیشی افسر نے ریکارڈ پیش کردیا۔ جج نے پچھلے 10 دن میں تفتیش کا ریکارڈ طلب کیا۔

آصف زرداری روسٹرم پر آئے اور کہا کہ مجھ سے نیب نے 40 سوالات پوچھ لیے ہیں لیکن مجھے میرے وکیل لطیف کھوسہ سے ملنے بھی نہیں دیا جا رہا۔ آصف زرادری نے کہا کہ وکیل سے مشاورت کے بغیر کیسے جواب دوں تاہم جج نے آصف زرداری کو مزید بولنے سے روک دیا اور کہا کہ آپ اپنے وکیل کے ذریعے اپنے مسائل سے آگاہ کریں۔

جج نے آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ سے سوال کیا کہ کیا آپ کچھ کہیں گے؟ لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہمیں مزید ریمانڈ پر کوئی اعتراض نہیں۔ ہم لوگ آئین بنانے والے ہیں۔ قانون پر یقین رکھتے ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش کے دوران کیس کے تمام بینفشریز کا پتہ لگایا ہے۔

نیب نے فریال تالپور کے ریمانڈ میں صرف ایک دن توسیع کی استدعا کی۔اس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ فریال تالپور کا ریمانڈ بھی 16 اگست دے دیا جائے۔ فریال تالپور نے عدالت کو بتایا کہ میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج واپس جانا چاہتی ہوں۔لطیف کھوسہ کو جج نے جواب دیا کہ نیب نے ایک ہی دن کا ریمانڈ مانگاہے۔ میں اس سے زیادہ کیسے دوں؟

عدالت نے استفسار کیا کہ نیب بتائے ریمانڈ کی درخواست تبدیل کرنی ہے یا نہیں جس پر نیب کا کہنا تھا کہ ہم کچھ دیرتک فریال تالپور کے ریمانڈ پر عدالت کو دوبارہ آگاہ کرتے ہیں۔ تاہم عدالت نے آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 دن کی توسیع کا حکم دیتے ہوئے 16 اگست تک سماعت ملتوی کردی۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers