قومی

حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ۔ شہباز شریف کمر درد کی وجہ سے رمضان شوگر ملز کیس میں پیش نہ ہوئے۔ خاضری سے استثنی کی درخواست منظور۔

حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو چار ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائداثاثہ جات اورمنی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب حکام نے حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کے جج ارشد نعیم کے روبرو کیا۔

نیب حکام نے تحقیقات کے لئے مزید ریمانڈ کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ معاف گواہ شاہد رفیق حمزہ شہباز کے لیے منی لانڈرنگ کرتارہا۔ سوئس بینک ٹرانزیکشن کی بھی تفصیلات منگوائی گئی ہیں۔

نیب کے وکیل نے عدالت کو مزید کہا کہ حمزہ شہباز سے ابھی مزید تحقیق کرنی ہے۔ 20 ملین روپے کی 2004 سے ٹیکس ریٹرن نہیں ملے۔ ایسے افراد نے بھی حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں لاکھوں ڈالر بھجوائے ہیں جن کے پاسپورٹ تک نہیں بنے۔

رانا ظہیر فیصل آباد میں کپڑے کی دکان پر ملازم ہے۔ اس کا پاسپورٹ بھی نہیں بنا لیکن اس نے لندن سے حمزہ کو ایک لاکھ ڈالر بجھوائے ہیں۔

ان شواہد کی بناء پر نیب کے پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اور نیب تفتیشی حامد جاوید نے عدالت سے حمزہ شہباز کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی گزارش کی۔ حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا سخت موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز پہلے ہی 70 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں رکھا گیا ہے۔

نیب اہلکاروں کے پاس اب حمزہ شہباز کا اب مزید جسمانی ریمانڈ لینے کے لئے کوئی ٹھوس وجہ نہیں اس لیے حمزہ شہباز کے مزید جسمانی ریمانڈ کی گزارش رد کی جائے۔

جج ارشد نعیم نے دلائل پر حمزہ شہبازسے پوچھا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ تواُن کے پاس صفائی میں کہنے کو کچھ نہیں تھا۔ اور وہ الٹا جج سے ہی سوال کرنے لگے مجھے بتائیں میں نے کرپشن کی ہے؟ میرا دامن توصاف ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو4 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے پچھلی سماعت میں نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ حمزہ شہباز سے مزید تفتیش کی ضروت ہے۔ بہت سے معاملات میں ابھی تک تفتیش مکمل نہیں ہو پائی۔ حمزہ شہبازسے اکاونٹس اورٹرانزیکشن کی ابھی مزید تفتیش کرنی ہے۔ جس کے بعد عدالت نے 21 اگست تک حمزہ شہباز کے ریمانڈ میں توسیع کردی تھی۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers