قومی

فیصل واوڈا کا سندھ میں نیا بیراج بنانے کا اعلان

کراچی میں پانی کی معاملے پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی ایک پیج پر۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے ساتھ وزیر اعلی سندھ کی میٹنگ ہوئی۔ کوٹری بیراج پر 45 کلو میٹر دور نیا بیراج بنایا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون مرتضیٰ وہاب نے منصوبے پر مشورہ خوش آئند قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کراچی میں ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے پانی کا مسئلہ سندھ حکومت اور کراچی مل کر حل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سندھ کے مسائل کیلئے فکرمند ہیں۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ صوبے میں پانی کے نئے منصوبے کے لیے بجٹ منظور کرا لیا گیا ہے۔ ہم کھلے دل سے آگے بڑھ رہے ہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی کریڈٹ چاہیے۔ کام کرنے کے لیے ایک دوسرے کے پاس بار بار آئیں گے۔ ہم میں کوئی سیاسی تعصب نہیں ہے۔

اس موقع پر فیصل واوڈا نے اعلان کیا کہ کوٹری بیراج سے45 کلومیٹر دور دریائے سندھ پرایک اوربیراج بنائیں گے۔ ہمیں مسائل کاحل چاہیے۔ صوبے کی ترقی یاملک کی ترقی میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فيصل واوڈا نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کے مينڈيٹ کا احترام کرتے ہيں اور وزيراعظم نے دورياں ختم کرنے کی ہدايت کی ہے۔ جلد وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات بھی ہو گی۔ ہم دیگر وفاقی وزراء بشمول علی زیدی کو بھی یہی پیغام دے رہے ہیں کہ ہم مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

رہنماء پیپلز پارٹی سہیل انور سیال نے بھی کہا کہ ملکی مفاد کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ہیں۔ ہمارے جو بھی تحفظات ہیں انہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وفاق نے پانی کے مسئلے پر ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے۔

ایک صحافی کی جانب سے میئر کراچی وسیم اختر سے متعلق ایک سوال پر پر فیصل ووڈا نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کرپٹ ہیں اور ان کی کرپشن سے متعلق اپنے موقف پر میں آج بھی قائم ہوں۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers