قومی

رانا ثناءاللہ کے جوڈیشیل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

منشیات اسمگلنگ کیس میں رانا ثناءاللہ کے جوڈیشیل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔ اثاثہ جات منجمد کرنے کی درخواست پر سماعت 7 ستمبر تک ملتوی۔ اے این ایف نے لیگی رہنماء کی گرفتاری کی فوٹیج عدالت میں پیش کر دی۔ رانا ثناءاللہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 28 اگست کو ہو گی۔

منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار ن لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ کو آج انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا۔

رانا ثناءاللہ کے وکلا نے ضمانت کی درخواست دیتے ہوئے دلیل پیش کی کہ آئین ہر شہری کو نقل و حرکت کی آزادی دیتا ہے۔ اے۔این۔ایف حکام کا رانا ثناءاللہ کو تفتیش مکمل ہونے کے بعد بھی جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

عدالت نے درخواست پر اے این ایف سے جواب طلب کیا۔ جس پراینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام نے ضمانت کی درخواست پر اپنے دلائل دینے کے لیے مہلت مانگ لی۔

اے این ایف حکام نے گرفتاری کی فوٹیج عدالت میں پیش کر دی۔ عدالت میں رانا ثناءاللہ کو روسٹرم پر بلوایا گیا اور سابق وزیر خزانہ پنجاب کے دستخط کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج سیل کر دی گئی۔ عدالت نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی سی ڈیز کی کاپیاں رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان کو بھی فراہم کر دیں۔ ویڈیو پر رانا ثناء اللہ کے وکلا نے خدشہ ظاہر کیا کہ اے این ایف نے جو فوٹیج دی ہے وہ مکمل روٹ کی نہیں ہے۔

ضمانت کی درخواست پر منشیات عدالت نے وکلاء کو 28 اگست کو جرح کے لیے بلا لیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام کو ہر صورت کیس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔

عدالت میں جج کے سامنے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام نے رانا ثناءاللہ کا پرس اور انکی گھڑی انہیں واپس کر دی۔ رانا ثناءللہ کی پیشی کے موقع پر جوڈیشیل اکیڈمی کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔

کمرہ عدالت میں رانا ثناءاللہ نے اپنی بیوی سے ملاقات بھی کی اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری اور رانا ارشد بھی انسداد منشیات عدالت میں موجود تھے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اے این ایف حکام نے رانا ثناءاللہ کو اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے پہ حراست میں لیا تھا۔ راناثناءاللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر کے ان کا جوڈیشیل ریمانڈ لیا گیا تھا۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers