Uncategorizedقومی

حملہ ہوا تو بھارت میں نہ گھاس اُگے گی نہ چڑیاں چہکیں گی

شیخ رشید کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر پہنچ گئے۔ نعرے لگوائے، اجتماع سے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی نے غلطی کر دی۔ اب کشمیر کو پاکستان کے ساتھ جڑنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر جنگ چھڑی تو یہ آخری جنگ ہو گی۔ پھر بھارت میں گھاس نہیں اگے گی چڑیاں نہیں چہکیں گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے آزاد کشمیر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی جیسا انسان پاگل سوچ کا مالک ہے۔ نازی مودی کے اقدام سے مسئلہ کشمیر اور اجاگر ہوا۔ ساری دنیا مودی کے خلاف ہوتی جارہی ہے۔ جب پاگل لوگ حکمران بن جائیں تو وہ بے وقوفوں والے فیصلے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 11 ماہ تک پاکستان اور بھارت کی فوجیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی رہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں پچھلے 20 دن سے کرفیو لگا ہوا ہے۔ جہاں میں آج کھڑا ہوں یہاں ہی سے کشمیر کی تحریک کا آغاز ہوا تھا۔
کشمیر کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اگلے چھ مہینے بہت اہم ہیں۔ مودی کی غلطی سے کشمیر کا فیصلہ ہو نے جا رہا ہے۔ 72 سال سے پاک فوج نے اسی موقع کے لیے تیاری کی تھی۔

بولے کہ لال حويلی کا رشتہ سری نگر کے لال چوک سے ہے۔ 72 برس سے کشميری اپنا خون دے رہے ہيں ہماری طرف ديکھ رہے ہيں۔ مقبوضہ کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں۔ میرے اجداد کی قبریں وہاں موجود ہیں۔

کشمیری 72 سالوں سے قراردادوں کے انتظار میں ہمارے لیے اپنا خون دے رہے ہیں۔ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ اب قراردادوں کے بجائے بندوقیں سیدھی کرنے کا وقت آچکا ہے۔ اگر بھارت کی جانب سے حملہ ہوا تو بھارت میں برلا کے مندروں میں گھنٹیاں نہیں بجیں گی۔ نہ گھاس اُگ پائے گی اور نہ ہی چڑیاں چہکیں گی۔

رہنماء عوامی مسلم لیگ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے فيصلے کو سلام پيش کرتا ہوں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے ہيں۔ کشمیری بہت سنجیدہ قوم ہیں۔ وہ فلسطین اور بوسنیا کے رہنے والے نہیں۔ جبکہ سلامتی کونسل کی قرارداد تواب ختم ہو گئی۔
ہم سب کا فرض ہے کہ ہم عمران خان کا ساتھ دیں۔ پوری دنیا چٹان کی طرح کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چین ہمارا وفادار دوست ہے جبکہ امریکہ کی پالیسیوں کا اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers