قومی

وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

مظلوم کشمیریوں کے لیے پاکستان کیا اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان آج قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ میں اعلان۔ وزیراعظم کا خطاب شام ساڑھے 5 بجے نشر کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ وزیراعظم آج قوم سے خطاب میں مسٔلہ کشمیر کے حوالے سے بات کریں گے۔ وزیراعظم کا خطاب شام ساڑھے 5 بجے نشر کیا جائے گا۔

اس سے پہلے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وزیراعظم بہت جلد کشمیر کے حوالے سے قوم سے خطاب کریں گے۔ جب کہ پوری پاکستانی قوم ایک دن کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر منائے گی۔ جس میں سارے مل کر ایک پیغام دیں گے کہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ حمایت اور یکجہتی کے لئے ملک کے ہر چپے چپے سے ہر فرد ریلیوں میں حصہ لے رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جبکہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔

دوسری جانب کل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کی ایجنڈے میں مسٔلہ کشمیر کا نقظہ بھی شامل ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق حال ہی میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور وزیر خارجہ پاکستان کی جانب سے اپنی سفارتی کاوشوں سے متعلق کابینہ کو آگاہ کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان عالمی رہنماوں سے رابطے ہونے سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے ۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے پہلے ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو اپنی وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔

اس کے بعد قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر کے اس کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ لوگوں کے گھروں میں اشیاء خوردونوش کی قلت ہے۔ بیمار دوائیوں اور بچے دودھ کے لیے تڑپ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ احتجاج کرنے والوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان نے بھارت کے اس سفاکانہ اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ جیسے عالمی فورم پہ یہ مسٔلہ اجاگر کیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام بڑے ملک کے سفارتکاروں اور وزرائے خارجہ اور اسٹیک ہولڈرز کو اپنے مؤقف سے بھی آگاہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی جانب سے لیے گئے اقدامات اور اپنے آنے والے لائحہ عمل کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers