قومی

وسیم اختر نے 24 گھنٹے کے اندر مصطفٰی کمال کو معطل کر دیا

مصطفٰی کمال کی چند گھنٹوں کی نوکری۔ میئر کراچی نے رات کو پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کیا۔ 24 گھنٹے بھی نہ گزرے تھے کہ معطل کر دیا۔ کہتے ہیں کہ پی۔ایس۔پی سربراہ بدتمیز ہیں، باس کو گالیاں دیتے ہیں۔ کام کی بجائے سیاست چمکانے پر معطل کیا۔

میئرکراچی وسیم اختر نے پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفٰی کمال کو پراجیکٹ ڈائریکٹر کی پوسٹ سے معطل کردیا اور معطل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے رویے اور بدتمیزی کی وجہ سے انہیں معطل کیا ہے۔ انھوں نے میری مخلصی کاغلط فائدہ اٹھایا اوراپنی سیاست چمکانا شروع کردی۔

میئر کراچی وسیم اختر نے سربراہ پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال کو ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے گاربیج پروجیکٹ کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا. جس کے بعد مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں شہر کی صفائی کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تین ماہ میں شہر کو صاف کر دیں گے اور ہر وقت کام کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ میں سمجھا تھا کہ مصطفیٰ کمال نیک نیت لے کر آئے ہیں۔ کراچی کے وسیع تر مفاد کیلئے مصطفیٰ کمال کو ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا تھا۔ مصطفیٰ کمال نے بیان دیا تھا کہ 90 دن میں کچرا صاف کردوں گا۔ ان کے پاس کون سا فارمولا ہے جو 90 دن میں کچرا صاف کردینگے۔ کچرا اٹھانے کا کام کے ایم سی کا نہیں ہے۔ مصطفٰی کمال کو کرنا یہ چاہیے تھا کہ ہیڈ آفس آکر رپورٹ کرتے اور کچرا اٹھانے کا فارمولا بتاتے۔ آپ تو آ کر بلدیہ کی چائنا کٹنگ کرنے پر تل گئے۔ کوئی نیب کے نمائندے نہیں ہیں آپ جو تمام دستاویزات منگوا رہے ہیں۔

کل رات کو اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں مصطفٰی کمال کی جانب سے کے۔ایم۔سی افسران کا اجلاس طلب کیا گیا تھا لیکن کوئی بھی افسر اجلاس میں شرکت کے لیے نہیں پہنچا. جس کے باعث اجلاس منسوخ کرنا پڑا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے وسیم اختر سے مخاطب ہو کر کہا کہ میئرصاحب آپ کی آٖفر قبول کرلی ہے۔ خلوص دل سے کچرے کا مسئلہ حل کروں گا۔ میں ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والا آدمی نہیں ہوں۔ مسائل روڈ پر ہیں۔ ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر مجھ سے کیا کام ہوگا۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ میئر کراچی ان کے باس ہیں اور باقی لوگوں کے باس وہ ہیں. جب کہ انہوں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل اور دیگر چیئرمینز کو ہدایت کی تھی کہ انہیں شہر کے معاملات پر بریفنگ دی جائے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ میئر کراچی وسیم اختر کے اعلان کے بعد مصطفیٰ کمال کی بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers