قومی

‘کشمیر بنے گا پاکستان’، یوم دفاع کی تقریب کا حصہ ہو گا

یوم دفاع و شہداء کی تقریب کا فارمیٹ تبدیل۔ ‘کشمیر بنے گا پاکستان’، تقریب کا حصہ ہو گا۔ ڈی جی آئی۔ایس۔پی۔آر کہتے ہیں کہ جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب رات کو نہیں دن میں ہو گی۔ شہداء کے لواحقین اور غازی شرکت کریں گے۔ شہر شہر میں تقریبات، اور چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہو گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے آئی۔ایس۔پی۔آر کی عمارت میں یوم دفاع وشہدا 2019 سے متعلق پریس کانفرنس ہوئی۔ ڈی جی آئی۔ایس۔پی۔آر میجر جنرل آصف غفور نے بریفنگ دیتے ہوئے 6 ستمبر کو ہونے والی تقریب کے فارمیٹ سے متعلق آگاہ کیا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

ڈی جی آئی۔ایس۔پی۔آر نے کہا کہ یوم دفاع و شہدا 2019 شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ عظیم قومیں ہمیشہ اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ اس مرتبہ 6 ستمبر کے حوالے سے مرکزی تقریب رات کے بجائے دن میں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں شہدا کے لواحقین اور غازی شرکت کریں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شہدا کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات بھی کریں گے جبکہ آرمی چیف جی ایچ کیو میں یاد گارِ شہدا پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔

پاک فوج نے پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ہر شہید کے گھر جانے کا پروگرام رکھا ہے۔ ڈی جی آئی۔ایس۔پی۔آر نے کہا کہ گزشتہ سال بہت اچھا رسپانس ملا۔ پاک فوج کی جانب سے ہر شہید کو یاد کیا گیا۔ ہم اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے۔

اس موقع پر ڈی جی آئی۔ایس۔پی۔آر نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ عوام شہیدوں کے لواحقین سے ملیں۔ گلی گلی محلے محلے شہیدوں کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔ ہم عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ اسی طرح فارمیشن اور شہر شہر تقریبات ہونگی۔ یومِ دفاع کی مناسبت سے چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہوگی۔ کشمیر بنے گا پاکستان تقریبات کا حصہ ہو گا۔

انہوں نے کشمیر آور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 12 بجے سائرن بجائے جائیں گے۔ پاکستان اور کشمیر کا ترانہ بھی بجایا جائے گا۔ پوری قوم اپنے اپنے علاقے اور کام کی جگہ اکٹھی ہو گی۔ پوری قوم کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ ملکی ہیروز، شوبز اور میڈیا کے نمائندے اور میڈیا شرکت کریں۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers