قومی

پاکستان نے غزنوی میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

دفاعِ وطن ناقابل تسخیر۔ پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ غزنوی میزائل 290 کلو میٹر تک مختلف نوعیت کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا ٹویٹ، صدر اور وزیراعظم کی جانب سے ٹیم کو مبارکباد۔

شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ میزائل رات کے وقت 290 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی بتایا کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والے غزنوی میزائل کا تجربہ رات کے وقت کیا گیا اور رات کے وقت میزائل داغنے کی کامیاب تربیتی مشق بھی کی گئی۔ میزائل غزنوی مختلف قسم کے وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی بتایا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان نے میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارک باد دی اور انجینئرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور ائیر چیف نے میزائل کے کامیاب تجربے پر انجینئرز اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اسی سال مئی میں بھی پاکستان کی فوج نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ شاہین 2 بیلسٹک میزائل 1500 کلو میٹر تک ہدف کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ شاہین ٹو میزائل کا تجربہ بحیرہ عرب میں کیا گیا تھا۔ بلیسٹک میزائل روایتی اورنیوکلیئر وارہیڈ لے جاسکتا ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers