قومی

جج ویڈیو اسکینڈل کے 3 مرکزی ملزمان گرفتار

جج ویڈیو اسکینڈل کا مرکزی کردار ناصر جنجوعہ عدالت سے گرفتار۔ سائبر کرائم کورٹ اسلام آباد کے درخواست ضمانت خارج کرنے پر ایف آئی اے نے دھر لیا۔ ملزم خرم یوسف اور غلام جیلانی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم میاں طارق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع۔

جج ویڈیو سکینڈل میں سائبر کرائم کورٹ اسلام آباد نے مرکزی ملزم ناصر جنجوعہ سمیت تین ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔ جس کے بعد ملزموں کو عدالت کے احاطے سے ایف۔آئی۔اے حکام نے حراست میں لے لیا۔ ملزمان نے ضمانت ازقبل گرفتاری کی درخواستیں دی ہوئی تھیں۔

جج ویڈیو اسکینڈل میں سماعت سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے کی تھی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرایف آئی اے کلیم اللہ تارڑ نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتايا کہ تمام ملزمان کا کیس ميں اہم کردار ہے اوران کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

ملزمان کے وکیل نے صفائی پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا جج کی ویڈیو سے براہ راست کوئی تعلق نہیں۔ جج ارشد ملک کی ویڈیو جاتی امراء اور مختلف جگہوں پر بنائی گئی ہے اور ویڈیو ان لوگوں کی جانب سے نہیں بنائی گئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے عبوری ضمانتوں میں توسیع نہ کرنے کی گزارش کرتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کرنی ہے۔

تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے عبوری ضمانتیں ختم کر کے 16 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب سابق جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں گرفتار ملزم میاں طارق کو ریمانڈ مکمل ہونے پرجج شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے حکام آج بھی جواب جمع نہیں کروا سکے۔ عدالت نے میاں طارق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزکی توسیع کرتے ہوئے 16 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ 6 جولائی 2019 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو نواز شریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا۔

اس بنیاد پر مریم نواز نے یہ مطالبہ کیا کہ چونکہ جج نے خود اعتراف کرلیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔ اس کے بعد جج ارشد ملک نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کی تردید کر دی تھی۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers