بین الاقوامی

مسٔلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کا اجلاس آج ہو گا

مسٔلہ کشمیر آج یورپی پارلیمنٹ میں زیربحث آئے گا۔ خارجہ امور کمیٹی اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی شریک ہونگے۔ مشیر اطلاعات فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ بھارت کا مؤقف پٹ گیا۔ دنیا کشمیری عوام کے حق میں پاکستان کے ساتھ یک زبان ہے۔

یورپی پارلیمنٹ کے خارجہ کمیٹی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بحث آج ہوگی۔ خارجہ کمیٹی نے کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہوئی ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بحث ہو گی۔

اجلاس کے دوران یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس آج برسلز میں ہو گا۔ کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اجلاس کے ایجنڈے پر آنا بڑا اقدام ہے۔ کشمیریوں کی آواز اب یورپ تک پہنچ رہی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی شرکت کریں گے۔ جو کہ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے احاطے میں لائن آف کنٹرول پر ہونے والی بھارتی اشتعال انگیزی اور خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائیں گے۔

یورپی یونین کے اجلاس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویبسائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا یہ مؤقف پٹ گیا ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معمالہ ہے۔ آج دنیا کشمیری عوام کے حق میں پاکستان کے ساتھ یک زبان ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خلوص نیت سے ہونے والی سفارتکاری اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی بے شمار قربانیاں پوری دنیا میں اپنا رنگ دکھا رہی ہیں۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ یورپی یونین کے حوالے سے وزیر خارجہ نے آپ نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یورپ ہٹلر کے دور میں اس سب صورتحال سے گزر چکا ہے۔ اسی لیے کشمیر کے حوالے سے انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ 1930 کی دہائی میں جس فاشسٹ سوچ کو دنیا پہ مسلط کیا گیا۔ آج کے دور میں بی جے پی کی حکومت اس کی آئینہ دار ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers