قومی

ملک بھر میں یوم دفاع اور شہداء عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

لگانے آگ جو آئے تھے آشیانے کو، وہ شعلے اپنے لہو سے بجھا دیے تم نے۔یوم دفاع پر شہداء کو خراج عقیدت، جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب کا انعقاد۔ شہیدوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔ ملک کے جانثاروں کی یاد میں دستاویزی فلم دکھائی گئی تو ہر آنکھ چھلک پڑی۔

ملک بھر میں آج یوم دفاع اور شہداء عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں وطن پر نچھاور ہونے والے جانبازوں کے لواحقین نے شرکت کی۔

تقریب میں ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی جو کہ 65ء کی جنگ پر مبنی تھی۔ اس میں شہداء کے لواحقین کے تاثرات بھی شامل تھے۔ جسے دیکھ اور سن کر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا جس پر سب نے کھڑے ہو کر شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ جس میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فرائض سنبھال لیے۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ائیرآفیسر کمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ائیروائس مارشل حامد رشید تھے۔

لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی ہوئی۔ چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے گلدستہ رکھا گیا۔ ملک بھر کے شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ وطن پر جان نچھاور کرنے والوں کے حق میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں بچوں اور نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس کے علاوہ مختلف تقریبات بھی منعقد کی گئیں جس میں دشمن کے خلاف مختلف محاذوں پر سرگرم اسلحے اور دیگر دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یوم شہدا کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی۔ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

دوسری جانب سیاسی قیادت نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے نشان حیدر پانے والے کرنل شیر خان شہید کی قبر پر حاضری دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیپٹن جنید عباسی شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو شہدا اور غازیوں پر فخر ہے۔ کیپٹن جنید عرفان نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی لانس نائیک تیمور اسلم کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت بھی کی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نشان حیدر پانے والے پاک فضائیہ کے جوان راشد منہاس کے گھر گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ راشد منہاس کے گھر آئے ہیں۔

اس سب کے علاوہ ملک بھر میں لوگ یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منائیں گے اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر جائیں گے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دیں گے۔

مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سمینار منعقد ہوں گے۔ اور گزشتہ جمعے کی طرح آج بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers