قومیکھیل

سابق پاکستانی کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے

کرکٹ لیجنڈ عبدالقادر اداس کر گئے۔ گزشتہ روز دل کا دورہ پڑا جو جان لیوہ ثابت ہوا۔ سابق کرکٹر کی نماز جنازہ آج 4 بجے میاں میر میں ادا کی جائے گی۔ عبدالقادر کے انتقال پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر کے عبدالقادر گزشتہ روز حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ ان کو علاج کے لیے سروسز ہسپتال لے کے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

سابق سٹار کرکٹر کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف، انضمام الحق، وسیم اکرم، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، احسان مانی، ہربجھن سنگھ، شین وارن، سرفراز احمد سمیت کئی لوگوں نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹویٹر پہ اپنے جاری کردہ بیان میں افسوس کا اظہار کیا۔

سابق کرکٹر اور وزیراعظم پاکستان نے بھی اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کی رحلت کی خبر گہرا صدمہ دے گئی۔ ان کی تمام ہمدردیاں اور دعائیں اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عبدالقادر ایک ذہین شخصیت اور رہتی دنیا تک کے عظیم ترین لیگ سپنر تھے۔ اس کے ساتھ وہ ڈریسنگ روم کی جان بھی تھے جہاں اپنی ذہانت اور مزاح سے وہ ساتھی کھلاڑیوں کیلئے تفریح کا سامان کرتے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم کھلاڑی اور انسان سے محروم ہو گیا۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے مرحوم کے بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے۔

عبدالقادر کی وفات پر بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ عبدالقادر سے دو سال پہلے ملاقات ہوئی تھی۔ وہ ایک چیمپئن بولر تھے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہو گی۔

سابق آسٹریلوی باؤلر شین وارن نے بھی عبدالقادر کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1994ء میں عبدالقادر سے ملاقات ہوئی تھی۔ لیگ اسپن کرنے والے بہت سے کھلاڑی عبدالقادر سے ہی متاثر تھے۔

عبدالقادر 15 ستمبر 1955ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1977ء میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انہوں نے جموعی طور پر 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 104 ایک روزہ مقابلوں میں 132 وکٹیں لیں۔

عبدالقادر نے 1983ء اور 1987ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کے علاوہ 5 ایک روزہ مقابلوں میں کپتانی کے فرائض بھی انجام دیے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers