قومی

ملک بھر میں آج یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے

پاک فضائیہ کے شیردل ہمارا فخر۔ آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں راشد منہاس کی قبر پر سلامی، ائیروائس مارشل عباس گھمن نے پھول چڑھائے۔ کہا کہ جب بھی موقع آیا قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

پاک بھارت 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کی ناقابلِ فراموش خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سات ستمبر کو یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ہمارے شاہینوں نے دشمن کے وار کا ڈٹ کر جواب دیا اور اس پر ایسی کاری ضرب لگائی جسے وہ آج تک بھول نہیں پایا۔

1965ء کی جنگ میں جب دشمن کے جنگی جہازوں نے وطن عزیز پہ میلی آنکھ سے اڑان بھری تو پاکستانی شاہین سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے پانچ جہازوں کو زمین بوس کیا۔ ان کا یہ ورلڈ ریکارڈ آج بھی قائم ہے۔
پاکستان کے ایک اور سپوت سیسل چوہدری نے 1965ء اور 1971ء کی جنگ میں دشمن کو ناقوں چنے چبوائے۔ دشمن کے جہازوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ پاک فضائیہ کے لیے بے لوث خدمات پر انہیں دو بار ستارہ جرأت سے نوازا۔

1965ء کی جنگ میں دشمن کے طیاروں کو نہ صرف فرار ہونے پر مجبور کردیا بلکہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں نشان عبرت بنایا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے ہوائی اڈوں پر بھی جوابی حملہ کیا اور لدھیانہ ، جالندھر، بمبئی اور کلکتہ کے ہوائی اڈوں پر حملہ کر کے دشمن کے کئی طیارے تباہ کر دیئے۔

پاکستان کے ایک اور شاہین راشد منہاس نے پاک فضائیہ کا نام بلند کیا۔ 20 اگست 1971ء کو جب راشن منہاس اپنی پہلی سولو فلائٹ کی اڑان بھرنے والے تھے۔ رن وے پر بنگالی انسٹرکٹر فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان جو کہ پاکستان سے غداری کی ٹھان چکے تھے وہ بھی طیارے میں زبردستی سوار ہو گئے۔ اور طیارے کا رخ بھارت کی طرف موڑ دیا اس دوران پائلٹ راشد منہاس نے طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سخت مزاحمت کی۔

طیارہ کبھی اٹھتا کبھی نیچے آتا کبھی ادھر ادھر ہچکولے کھاتا۔ پھر وہ آخری مرتبہ جھکا اور تیزی سے زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ راشد منہاس کے طیارے کو بھارت میں داخل ہونے سے روکنے کا صرف ایک ہی راستہ تھا ۔ یہ راستہ تھا شہادت کا۔ ان کی شہادت نے نہ صرف طیارے بلکہ فضائیہ کے خفیہ رازوں کو بھی بھارتی کی سرحد میں داخل ہونے سے بچا لیا۔ بہادری کے اس کارنامے پر حکومت پاکستان نے انہیں نشان حیدر کے اعزاز سے نوازا۔

یوم فضائیہ کے موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یوم فضائیہ اپنے شاہینوں کی بہادری اور جانبازی یاد دلاتا ہے۔ شاہینوں نے کئی گنا بڑے دشمن کو جذبہ ایمانی سے مار بھگایا۔ راشد منہاس اور ایم ایم عالم دنیا میں پاک فضائیہ کی جرات کی علامت ہیں، قوم اپنے قابل فخر شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers