قومی

مودی کا سفاکانہ چہرہ پوری دنیا میں بےنقاب ہو چکا ہے: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا جنیوا سے واپسی پر شاندار استقبال۔ ائیرپورٹ لاؤنج میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونجتے رہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی کا سفاکانہ چہرہ پوری دنیا میں بےنقاب ہو چکا ہے۔ حقوق کی جنگ میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیر خارجہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور اور جارحانہ طریقے سے لڑ کے وطن واپس لوٹے۔ اسلام آباد ائیرپورٹ میں ان کی آمد پر پورا لاؤنج “پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونج اٹھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کا سفاکانہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بےنقاب ہوچکا ہے۔ جمہوریت کی جھوٹی دعویدار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی آزادی کی جدوجہد میں تنہا نہیں۔ ہم ہرفورم پرکشمیریوں کے حقوق کے لیے آوازبلند کرتے رہیں گے جب کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، آئینی اور سفارتی معاونت بھی جاری رکھے گا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وستم پربھارت کوشدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ہمیں جو سب سے بڑی اور اہم کامیابی  ملی ہے وہ یہ ہے کہ 58 ممالک نے پاکستان کی حمایت میں اپنا مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں تقریر کر کے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا تھا۔ اپنے جارحانہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا کے رکھ دیا ہے۔ بھارت نے 6 ہفتے سے وادی کو محصور کر کے حریت قیادت کو نظربند کر کے رکھا ہے۔

مقبوضہ کشمیرمیں قبرستان جیسی خاموشی ہے۔ وادی میں مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ بھارت کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ کشمیر کے لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے گرفتار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ 80 لاکھ سے زائد کشمیری دہائیوں سے بھارت کی طرف سے ہونے والے جبر کا شکار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں اس اقدام نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ کیونکہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسلمہ تنازعہ تسلیم کر رکھا ہے۔ بھارت جمہوری اور سیکیولر ہونے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers