قومی

نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہو گی

سابق وزیراعظم نواز شریف کو رہائی ملے گی یا جیل ہی مقدر؟ العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کی اپیل پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ جج ویڈیو اسکینڈل پر وضاحتی پریس ریلیز اور بیان خلفی کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا۔

مسلم لیگ ن کے بانی میاں نواز شریف کی جانب سے دائر کردہ اپیل پر سماعت آج اسلام آباد  ہائی کورٹ میں ہو گی۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

جج ارشد ملک کی جانب سے وڈیو لیک کے بعد مریم نواز نے اپنے والد کی سزا معطل کرنے کی استدعا کی تھی۔

احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے یہ ریمارکس دیے تھے کہ یہ ویڈیو نوازشریف کی رہائی اور سزا کی معطلی کی لئے فائدہ مند تب ہوگی جب ان کی جانب سے کوئی درخواست دائر کی جائے گی۔

نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی ویڈیو لیک سے متعلق وضاحتی پریس ریلیز اور بیان حلفی بھی مقدمے کا حصہ ہو گی۔

ذرائع کے مطابق سزا کے خلاف نوازشریف کی اپیل پرسماعت جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ کرے گا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔

احتساب عدالت نے 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ایک جنوری 2019 کو سابق وزیراعظم  نے العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو نیب نے بھی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کردی۔

26 جنوری 2019 کو نواز شریف کی جانب سے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کو بھی خارج کر دیا گیا۔

20 مئی 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی ایک اور درخواست کو بھی خارج کر دیا گیا۔

اس کے بعد نواز شریف کی سزا کے خلاف مرکزی اپیل پر کارروائی 18 ستمبر تک ملتوی کی گئی۔ اسی دوران نواز شریف کو سزا دینے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کا ویڈیو اسکینڈل سامنے آیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے العزیزیہ میں 152 سوالوں کے جواب عدالت میں جمع کرائے تھے۔

 

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers