قومی

آپ ہی لوگ تھے جو میٹر ریڈر چلاتے تھے:مراد سعید کا اپوزیشن کو جواب

وفاقی وزیر مراد سعید کا اپوزیشن کو کرارا جواب۔ کہا کہ ملک میں قانون موجود ہے، نیب آزاد ہے۔ کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو اسے جواب دینا ہوگا۔ خزب اختلاف ذاتی مفاد کے بجائے کشمیر کے لیے بھی سیاہ پٹیاں باندھ کر آئے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میں جب ایوان میں داخل ہوا تو اپوزیشن نے کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ مجھے لگا کہ اپوزیشن والے دیر سے ہی سہی لیکن کشمیرکے ساتھ اظہار یتکجہتی کر رہے ہیں۔ لیکن میں جب بیٹھا تومجھے اندازہ ہوا کہ  اپوزیشن والے تو اپنا رونا رو رہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ نیب کے حوالے سے نیب کے ترجمان کا مؤقف آ جائے گا ہم نے اس حوالے سے ایوان میں کوئی بات نہیں کرنی۔ ملک میں قانون موجود ہے، نیب کا ادارہ آپ کے سامنے آزاد ہے۔ اور آپ ہی نے نیب کے چئیرمین کا انتخاب کیا تھا۔

کسی بھی شخص کا چاہے کسی بھی طبقے سے تعلق کیوں نہ ہو، اگر اس سے سوال ہو کہ آپ کے پاس آمدن سے زائد پیسے کہاں سے آئے ہیں تو اسے جواب دینا ہو گا۔ ہمیں کشمیر کے حوالے سے بات کرنی چاہیے تھی۔  اس وقت پورا کشمیر ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔

بلاول بھٹو کبھی سندھودیس کی بات کرتے ہیں اور کبھی سرائیکی دیس کی بات ہوتی ہے، تو کبھی پختونوں کی بات ہوتی ہے۔ جس دن یہ بات ہوتی ہے اسی دن افغان بارڈر پہ 5 جوان شہید ہوتے ہیں۔ کیا کسی سے ان کا نام سنا؟

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آج بھارت اور ہندوتوا پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا، آج کا ہٹلر مودی اگر پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا  تو پاکستان کی وجہ سے ہوا ہے۔ دنیا میں پہلی بار پاکستان کا مثبت بیانیہ دنیا میں پھیل رہا ہے۔

مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی  سلامتی کونسل میں 53 سال بعد کشمیر پر بات ہوئی۔ انٹرنیشنل میڈیا اس ایشو کو اٹھا رہا ہے۔ وزیر خارجہ اپنی بھرپور قوت لگا رہے ہیں۔

44 دن ہوگئے کشمیریوں کے پاس کھانا ہے نہ مواصلات کا نظام اور نہ ہی دوائی ہے۔ لیکن کشمیری جب دیکھتے ہیں کہ آپ ایوان میں اپنا رونا رو رہے تو انہیں دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے اپوزیشن سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ ہی لوگ تھے جو میٹر ریڈر ،میٹر ریڈر چلاتے تھے۔ میٹر ریڈر بھی اللہ کا بندہ ہوتا ہے۔ آپ نے اس کا بھی طعنہ دے دیا۔

انہیں کے وزیر نے کہا تھا کہ بلاول زرداری اور ایان علی کی ٹکٹوں کے ایک ہی اکاؤنٹ سے پیسے جاتے ہیں۔ ن لیگ والوں نے ہی کہا تھا کہ فالودے والے کے اکاؤنٹ کا پیسہ ان کا لوٹا ہوا ہے۔ ن لیگ ہی نے آصف زرداری کو گھسیٹنے کی باتیں کی تھیں۔

اعتزاز احسن اور چوہدری نثار نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگائے۔ سچ دونوں بول رہے تھے مگر پھر جمہوریت کے لیے خاموش ہو گئے۔

 

 

 

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers