قومی

ڈاکٹرز نے خورشید شاہ کو فٹ قرار دے دیا

گرفتاری کے بعد بیمار پڑنے والے خورشید شاہ فٹ قرار۔ سکھر کے لیے سفر کی کلئیرنس دے دی۔ ہسپتال سے نیب راولپنڈی منتقل، آج شام ہی سکھر لے جایا جائے گا۔ خورشید شاہ کے بیٹوں کوبھی گرفتاری کا خوف سندھ ہائی کورٹ سے 16 اکتوبر تک ضمانت کرا لی۔

نیب کی جانب سے گرفتار خورشید شاہ کی طبیعت خراب ہونے پر پولی کلینک کے سی سی یو میں انہیں منتقل کیا گیا تھا۔ شعبہ امراض قلب کے ڈاکٹرز نے دیگر ٹیسٹ کرنے کے بعد خورشید شاہ کی حالت تسلی بخش قرار دے دی ہے۔

ان کے ای سی جی اور بلڈ پریشرکے ٹیسٹ نارمل آئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے خورشید شاہ کو سکھر روانگی کے لیے فٹ قرار دے دیا۔ سابق لیڈر آف اپوزیشن اور ایم این اے خوشید شاہ کو پولی کلینک اسپتال میں ایک رات کے لیے داخل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب گرفتاری کے ڈر سے خورشید شاہ کے دونوں بیٹوں فرخ شاہ اور زریق شاہ نے ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ان کی درخواست پر سماعت کی۔

پیپلز پارٹی رہنماء کے بیٹوں نے عدالت میں کہا کہ والد کی گرفتاریوں کے بعد ان کی بھی گرفتاریوں کا خدشہ ہے۔ نیب تحقیقات میں شامل ہونے کو تیار ہیں مگر ضمانت دی جائے۔

عدالت نے زیرق شاہ، فرخ شاہ کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 16 اکتوبر تک وقت دے دیا۔ اور اس کے بعد ان کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا حکم بھی دیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ روز عدالت میں نیب کی جانب سے 7 روزہ راہداری ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی۔ مگر عدالت نے خورشید شاہ کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ دے کر نیب کو انہیں فوری سکھر کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

2 روز قبل نیب سکھر نے خورشید شاہ کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا تھا۔ خورشید شاہ بنی گالہ میں اپنے دوست کے گھر موجود تھے۔

رہنماء پیپلز پارٹی اور سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ پر غیر قانونی طور پر جائیدادیں اپنے نام کروانے، ہوٹل، پٹرول پمپ اور بنگلے اور اس طرح کی بے نامی جائیدادیں بنانے کا الزام ہے۔

آپ نیوز نے خورشید شاہ کی جائیدادوں کی تفصیل حاصل کر لی۔ خورشید شاہ اور ان کے خاندان کے مختلف شہروں میں 105 اکاؤنٹس ہیں۔ خورشید شاہ نے فرنٹ میین کے نام پر تراسی جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ خورشید شاہ پر 500 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers