قومی

وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی عمرے کی ادائیگی

وزیراعظم نے اہلیہ کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔ وزیراعظم کے لیے بیت اللہ شریف کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ آج نمازہ جمعہ حرم پاک میں ادا کریں گے۔ روضہ رسول ﷺ پر خاضری بھی دیں گے۔ عمران خان آج رات ہی سعودی عرب سے نیویارک روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان، خاتون اول اور ان کے ساتھ پاکستانی وفد نے مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ وزیراعظم عمران خان اور وفد کے لیے خاص طور پر بیت اللہ شریف کا دروازہ کھولا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سمیت شاہ محمود قریشی، زلفی بخاری اور دیگر ارکان وفد نے بیت اللہ کے اندر نوافل ادا کيے۔ وزیراعظم نے کشمیر اور عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی۔

 

 

 

وزیراعظم عمران خان آج حرم پاک میں نماز جمعہ بھی ادا کریں گے۔ اس کے بعد آج ہی روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے مدینہ منورہ تشریف لے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق حرم انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اور وفد کی آب زم زم، قہوہ اور کھجور سے تواضع بھی کی گئی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ وزیراعظم  کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ سعودی عرب کا چوتھا سرکاری دورہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب سے نیویارک روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس میں دوران تقریر مسئلہ کشمیر بھی اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان 10 سے زائد ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ عالمی بینک کے صدر اورمائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملیں گے۔

اس سے قبل عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران جدہ میں سعودی فرماں روا سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔

 

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers