قومی

نیب لاہور نے احد چیمہ کے اثاثے تحویل میں لینے کا حکم دے دیا

کرپشن سے بنایا ہوا مال واپس تو کرنا پڑے گا۔ نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے کے احد چیمہ کی اربوں روپے کی جائیدادیں فوری ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد میں سینکڑوں کنال اراضی اپارٹمنٹس، پلاٹس اور منجمد بینک اکاؤنٹس بھی شامل۔

نیب حکام کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بڑی پیش رفت کی گئی ہے۔ نیب لاہور کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملزم احد چیمہ کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں تحویل میں لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

نیب لاہور نے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر انتظامی افسران کو احکاماتی خط لکھ دئیے ہیں۔ احد چیمہ کے لاہور، کراچی، اسلام آباد میں سینکڑوں کنال اراضی، اپارٹمنٹس، پلاٹس اور منجمد بینک اکاؤنٹس بھی اب تحویل میں لے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف موضع جات میں سیکڑوں کنال اراضی کی تفصیل ڈی سی آفس کوفراہم کردی گئی ہے تا کہ کارروائی کا فوری آغاز کیا جا سکے۔ کرباتھ میں 22 کنال 19 مرلہ، جھولکے میں 48 کنال 10 مرلہ، ڈھوری میں 21 کنال 4 مرلہ اور موضع تیڈھا میں 99 کنال 17 مرلہ زمین ہے۔ یہ سب اب سرکاری تحویل میں لینے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ذرائع کے مطابق حافظ آباد میں موجود 113 کنال 19 مرلہ زرعی زمین اور دیگر 188 کنال 12 مرلہ زمین بھی فوری قبضہ میں لینے کے احکامات صادر کر دیئے گئے۔ پلاٹوں کی تفصیلات میں بینک الفلاح ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں 15، 15 مرلہ کے 2 پلاٹ، گلبرگ ریذیڈینشیاء اسلام آباد میں قائم آئی بی ایمپلائیز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود 1 پلاٹ، ایف آئی اے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود 2 پلاٹ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود 4 پلاٹ، فیصل ریزیڈینشیاء اسلام آباد میں 3 پلاٹ بھی فریز کی گئی جائیدادوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ احد خان چیمہ کے نام ہل لاک ویو اسلام آباد میں موجود 1790 مربع فٹ پر مشتمل اپارٹمنٹ بھی فریز کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور کیجانب سے جاری آرڈر میں پابند کیا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کے عہدہ کے آفیسر کو متعین کیا جائے اور تمام زمینوں اور دیگر اثاثہ جات پر فوری طور پر قبضہ حصولی کے جاری کردہ آرڈر پر عملدرآمد کروایا جائے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ احد چیمہ پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا لزام ہے۔ نیب لاہور نے 21 فروری 2018 کو انہیں گرفتار کیا تھا۔ احد چیمہ لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے علاوہ دیگر سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers