بین الاقوامی

امریکی صدر کی ایک بار پھر مسٔلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

امریکی صدر کی ایک بار پھر مسٔلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش۔ کہتے ہیں کہ میری وجہ سے معاملہ حل ہو سکتا ہے تو تیار ہوں۔ امید ہے پاکستان اور بھارت بات چیت سے کسی حل تک پہنچ جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ اس پر بڑی ذمےداری عائد ہوتی ہے۔

 

نیویارک میں ہونے والی وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مسٔلہ کشمیر حل کرنے کی پیشکش کر دی۔ بولے کہ اگر میری وجہ سے معاملہ حل ہو سکتا ہے تو تیار میں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ امریکا کی پاکستان کیساتھ تجارت بہت کم ہے۔ پاکستان کے ساتھ تجارت 4 گنا بڑھائیں گے۔ جبکہ طالبان اور افغانستان کی صورت حال پر بھی گفتگو ہو رہی ہے۔

صدر ٹرمپ بولے کہ عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے میرے بہت اچھے تعلقات ہيں۔ مسئلہ کشمير پر دونوں فريق ہی طے کرسکتے ہيں کہ کيا کيا جائے۔

وزیراعظم کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ عمران خان پر بہت اعتماد کرتا ہوں۔ پاکستان کے عوام پر اعتماد ہے۔ ان کی پاکستان میں بہت عزت ہے۔ وہ ان حالات میں بھی امن کی بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نے ہیوسٹن میں ہونے والے جلسے میں بہت جارحانہ زبان استعمال کی اور ہال میں موجود ہزاروں لوگوں تک اپنا پیغام کافی جارحانہ انداز میں پہنچایا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکا دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ اسے کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ میں چاہتا ہوں کہ مقبوضہ کشمير سے کم ازکم کرفيو اٹھايا جائے۔

بولے کہ ہم خطے کو جنگ کی آگ سے بچانے کے لیے امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اگأانستان میں امن کا عمل رکنا نہیں چاہیے۔ افغانستان میں امن سے ہی پاکستان میں امن ہے۔ ایک طرف ٹرمپ ثالثی کی پیش کش کرتے ہیں اور دوسری طرف بھارت فرار ہو جاتا ہے۔

عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ جس میں مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کو بیان اور فاشسٹ مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے۔ مشن کشمیر کے حوالے سے عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers