بین الاقوامی

طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے۔ ترک صدر کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہو گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیب اردگان کو وزیر اعظم عمران خان نے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جو کہ ترک صدر نے قبول کر لی ہے۔ دورے کی تفصیلات پاک ترک وزارت خارجہ حکام طے کر رہے ہیں۔

ترک صدر کیساتھ سرمایہ کاروں کا بڑا وفد بھی پاکستان آئے گا۔ ترک صدر کے دورے سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی 20 اکتوبر کو 2 روزہ ترکی کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی ترک سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اس کے علاوہ عالمی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔ آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔ نیویارک میں ان کی ترک صدر سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردگان نے مسئلہ کشمیر کی صورتحال کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اُٹھایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔ یہ سنگین مسئلہ برابری اور انصاف کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستان اور بھارت آپس میں مذاکرات کریں۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers