قومی

وزیراعظم عمران خان کی آزاد کشمیر میں زلزلہ متاثرین کی عیادت

وزیراعظم عمران خان کا ڈی ایچ کیو میرپور کا دورہ۔ زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ چئیرمین این ڈی ایم اے کی وزیراعظم کو نقصان اور ریسکیو آپریشن پر بریفنگ۔ عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی

وزیر اعظم عمران خان میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچ گئے۔ ان کو متعلقہ حکام کی جانب سے آزاد کشمیر میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان اور ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے حوالے سے جاری اقدامات اور بحالی کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں امریکہ میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں تھا جب زلزلے کا علم ہوا۔ زلزلے کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ آزاد کشمیر اور میرپور کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے، حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک خصوصی پیکیج تشکیل دے رہی ہے۔ زلزلہ متاثرین کے لئے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

دورے میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر امور برائے کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔

 

آپ کو بتاتے چلیں کہ 24 ستمبر کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے۔ شہروں میں لاہور اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، جہلم، راولپنڈی، اوکاڑہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، میانوالی، لوئردیر، مری، چار سدا، صوابی، آزاد کشمیر، جاتلاں شامل ہیں۔ زلزلہ پیماہ مرکز کی جانب سے زلزلے کی شدت 6.1 ریکٹر سکیل ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کے آتے ہی لوگ دکانوں اور کاروباری مراکز اور دفتروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے باہر آ گئے۔ زلزلے کے بعد لوگوں میں اب تک خوف و حراس پایا جا رہا ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers