قومی

عوام کے ووٹوں سے آنے والوں کو کوئی گھر نہیں بھیج سکتا: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کہتے ہیں کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ کسی کے کہنے پر حکومت نہیں گرے گی۔ حکومت پر تنقید اپوزیشن کا کام ہے۔ اسلام آباد آنے والے لوگ ملک کے خلاف آئیں گے۔ اللہ تعالٰی مولانا کو بھی ہدایت دے گا۔

اسلام آباد میں پولیس سہولت سینٹر میں اوورسیز پاکستانی سہولت کاؤنٹر کے افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ  بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے آنے والوں کو کوئی گھر نہیں بھیج سکتا۔ کسی کے کہنے پر حکومت نہیں گرے گی۔

انہوں نے کہا کہ  مارچ کرنیوالے لوگ ملک کے خلاف آئیں گے۔ اللہ تعالٰی مولانا کو بھی ہدایت دے گا۔  مولانا فضل الرحمان کو کسی بھی وقت ہدایت آسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلیو ایریا میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو اسلام آباد نہیں آئیں گے۔ ان کے اسلام آباد آنے کا یہ وقت ٹھیک نہیں۔

جمہوریت میں ایک حکومت دوسری اپوزیشن ہوتی ہے۔ حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا کام ہے۔ جب تک حکومت کی ڈلیوری ٹھیک رہے گی اسے ستوں خیراں ہے۔

ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بہت جلد بھرتیاں کریں گے۔  شہر میں ٹریفک زیادہ ہے،اس لئے ٹریفک کے مسائل ہیں۔ آئی جی اسلام آباد اچھا سہولیاتی مرکز قائم کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پولیس کا اقدام وزیراعظم کےعین ویژن کے مطابق ہے۔

وزیراعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کابینہ کی  میٹنگ شروع کرنے سے پہلے تقریر نہیں کرتے بلکہ پوچھتے ہیں کہ مخلوق خدا کے لیے کیا کیا۔ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی۔

مدارس کے حوالے سے انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم مدارس کے نصاب کو تبدیل نہیں کر رہے ہیں بلکہ انہیں اعلیٰ تعلیم دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے مدارس کے طلبہ ڈاکٹر، انجینئر دیگر شعبے اختیار کرسکیں گے۔ ہماری حکومت چاہتی ہے کہ مدرسے کا طالب علم صرف امام مسجد نہیں بلکہ ہر ملازمت کے لیے اہل ہو۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers