بین الاقوامی

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات۔ سی پیک، کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال۔ ملاقات میں علاقائی امور پر بھی تفصیلی بات چیت۔ وزیراعظم عمران خان چینی ہم منصب سے بھی ملے۔ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق۔

بیجینگ میں پاکستان اور چائنہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب اور صدر سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر سے کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کو بروقت پایۂ تکمیل تک پہنچانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پربھی کھل کر بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے مسٔلہ کشمیر پر چین کی حمایت پر ان کا بھر پور شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے گوادر میں سی پیک منصوبوں کیلئے فاسٹ ٹریک اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ چینی وزیراعظم نے پاکستان کے قومی مفاد کے معاملات پر حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان میں ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سماجی اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔

دوسری جانب چینی صدر سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی معاہدوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا شاہ محمودقریشی، شیخ رشید، خسرو بختیار اور وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

پاکستان اور چین کے عہدیداروں کے مابین وفود کی سطح پر بات ہوئی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ ایک سال میں چین کا تیسرا دورہ ہے۔ عمران خان اپنے اس دورے میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ کئی اہم عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے جمعرات کو وطن واپس پہنچیں گے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers