قومی

مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو 23 اکتوبر تک جیل میں ہی رہنا ہو گا۔ احتساب عدالت لاہور نے مریم اور یوسف عباس کی جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ عدالت میں لیگی کارکنوں کے شور شرابے پر جج برہم۔

لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب حکام کی جانب سے مرکزی ملزمان مریم نواز اور یوسف عباس کو جج جواد الحسن چوہدری کے روبرو کیا گیا۔

عدالت میں پیشی پر آئے لوگ مریم نواز کے ساتھ سیلفی لینے لگ گئے۔ جس سے کمرہ عدالت کا ماحول خراب ہونے لگا۔ معزز جج نے اس عمل پر برہمی کا اظہار کیا۔

نیب کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے ملزمان کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کریں گے۔ انہوں نے گزارش کی کہ ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کر دی جائے۔

مریم نواز نے اپنے وکلاء سے سائیڈ روم میں ملاقات کی استدعا کی جو کہ معزز جج نے اس حکم پر منظور کی کے سائیڈ روم میں کوئی اور غیر متعلقہ بندہ داخل نہیں ہو گا۔

یوسف عباس نے دوران سماعت روسترم پر آ کر بات کی جبکہ مریم نواز کے گرد رش ہونے کی وجہ سے انہیں بیٹھنے کو کہا گیا۔

کمرہ عدالت میں لیگی کارکنان نے خوب شور شرابا کیا جس کی وجہ سے جج صاحب کافی برہم بھی ہوئے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو لوگوں کو باہر نکالنے کا حکم دے دیا۔

تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ملزم یوسف عباس اور مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

مریم نواز کی پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات تھے۔ اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس اور اس کے اطراف خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات تھی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ مریم نواز اور یوسف عباس نے درخواست کی تھی کہ انھیں کوٹ لکھپت جیل بھجوایا جائے لیکن عدالت نے کہا کہ اس سلسلے میں جیل حکام فیصلہ کریں گے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ 8 اگست کو مریم نواز اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت پہنچیں تھیں۔ جہاں سے نیب حکام نے انہیں اپنی حراست میں لیا۔ نیب کی ٹیم چار گاڑیوں کے ساتھ دو راستوں سے پہنچی تھی۔ ایک راستے سے لیڈیز پولیس اہلکار اور دوسرے سے مرد پولیس حکام جیل پہنچے۔ نیب اہلکار مریم نواز کو لے کر روانہ ہوگئے تھے۔

تب سے لے کر اب تک دونوں ملزمان متعدد پیشیاں بھگت چکے ہیں۔

 

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers