قومی

ہارڈ ہٹنگ کا جواب ہارڈ ہٹنگ سے نہیں دیا جائے گا: فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے کرکٹ کی زبان میں مولانا کو مشورے۔ کہا مولانا ہر گیند پہ چھکا مارنا چاہتے ہیں، اس وقت پچ ہموار نہیں۔ امید ہے وہ ریٹائرڈ ہرٹ نہیں ہونگے۔ ہارڈ ہٹنگ کا جواب ہارڈ ہٹنگ سے نہیں دیا جائے گا۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ فردوس عاشق اعوان معزز جج کے روبرو ہوئیں۔

سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا دہشت گرد ہو تو اس کو بھی فیئر ٹرائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ زیرِ سماعت ہونے والے کیسز پر عدالت کو اسکینڈ لائز کرنا توہین عدالت ہے۔ 2014 کے دھرنے کے وقت بھی ہمارے خلاف باتیں ہوتی تھیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے معاون خصوصی سے سوال کیا کہ کیا آپ 2014 کے دھرنے میں موجود تھیں؟

فردوس عاشق نے عدالت میں کہا کہ میں نے دھرنے کے بعد پی ٹی آئی جوائن کی تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میری عدالت کی توہین کرنے کی کوئی نیت نہیں تھی۔ میں نے 20 سالہ سیاسی کیریئرمیں کبھی کوئی قانون نہیں توڑا۔

ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ہم گزشتہ روز جواب جمع نہیں کروا سکے۔ فردوس عاشق اعوان کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی گزارش بھی کی۔

اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نے ریمارکس دیے کہ ہفتے تک تحریری جواب داخل کرا دیں پھر پیر کو سماعت رکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کو 11 نومبر تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی ہارڈ ہٹنگ جاری ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہر بال پر چھکا لگایا جائے۔ ہر بال پر چھکا لگانے کے بجائے کچھ گیند پر سمجھداری سے کھیلنا ہوتا ہے۔ ہارڈ ہٹنگ کا جواب ہارڈ ہٹنگ سے نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا کے دھرنے کا وقت مناسب نہیں ہے۔ پچ کی سطح ابھی ہموار نہیں ہے۔ مولانا کو پچ اور بال کو دیکھ کر فیصلہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں خاص طور پر کشمیر کا ایشو ہائی الرٹ ہے اور حال ہی میں کرتارپور راہداری کا افتتاح ہونے جارہا ہے۔ امید ہے فضل الرحمان اپنا بیانیہ قومی مفاد کےخلاف نہیں کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان ایسا عمل نہ کریں کہ سیاست سے باہر ہوجائیں۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers