قومی

مریم نواز کے روبکار جاری، ضمانت پر رِہا کر دیا گیا

 

چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو رہائی مل گئی۔ جیل کے عملے نے ہسپتال میں ن لیگی رہنماء سے دستخط لیے۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مریم نواز والد کے ہمراہ ہی ہسپتال سے گھر روانہ ہوئیں۔

منی لانڈرنگ سے متعلق چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہائی مل گئی۔ مریم نواز کی جانب سے احتساب عدالت میں پاسپورٹ سمیت ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے پیش کیے گئے۔

احتساب عدالت نے باقاعدہ لاہور ہائیکورٹ سے مریم نواز کی جانب سے مچلکے پیش کیے جانے کی تصدیق کی جس کے بعد ان کے روبکار جاری کیے گئے۔

مریم نواز کی رہائی کے روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل کا عملہ سروسز اسپتال پہنچا۔ عملے نے روبکاروں پر مریم نواز کے دستخط کروائے۔

نیب عدالت میں مریم نواز کے ضمانتی مچلکے فیصل ایوب کی طرف سے جمع کرائے گئے ہیں۔ فیصل ایوب رکن پنجاب اسمبلی سیف الملکوک کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔

مریم نواز رہائی کے بعد ہی اپنے والد نوازشریف کےساتھ سروسز اسپتال سے رہائش گاہ چلی گئیں۔ وہ جاتی امراہ میں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لیے موجود ہوں گی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ لاہور ہائی کورٹ نے پیر کے روزچودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی۔

اس سے قبل 8 اگست کو مریم نواز اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت پہنچیں تھیں۔ جہاں سے نیب حکام نے انہیں اپنی حراست میں لیا تھا۔ نیب کی ٹیم چار گاڑیوں کے ساتھ دو راستوں سے پہنچی تھی۔ ایک راستے سے لیڈیز پولیس اہلکار اور دوسرے سے مرد پولیس حکام جیل پہنچے۔ نیب اہلکار مریم نواز کو لے کر روانہ ہوگئے تھے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers