قومی

وزیراعظم عمران خان کا دھرنے کے شرکاء کو سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کو دھرنے والوں کی مشکلات کا خیال۔ شرکاء کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت۔ چئیرمین سی ڈی اے کو دھرنے کی جگہ کا دورہ کرنے کا بھی کہہ دیا۔ چوہدری پرویز الہی کا آج وزیراعظم سے ملاقات کا امکان۔ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی بات چیت سے متعلق آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سردی اور بارش کی وجہ سے پریشان دھرنے کے شرکاء کا خیال کرتے ہوئے ان کی فوری مدد کا حکم دے دیا۔

انہوں نے چئیرمین سی ڈی اے کو دھرنے کی جگہ کا دورہ کرنے اور انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹویٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ اندازہ لگانے کیلئے کہ بارش اور بدلتے موسم کے حوالے سے شرکاء کو کیا امداد فراہم کی جاسکتی ہے، چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر دھرنے کے مقام پر جانے کا حکم دیا ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے جے یو آئی کے آزادی مارچ و دھرنے میں شریک شرکاء کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

بارش کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کے زیرِ استعمال پلاسٹک شیٹس اور چادروں سے بنائے گئے خیمے اکھڑ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سردی سے بچانے والی تمام چیزیں بارش کی وجہ سے گیلی ہو چکی ہیں۔

بارش کی وجہ سے شرکاء پل، ٹریک اور کنٹینرز میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا آج وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔ ملاقات میں وہ گزشتہ رات اپنی رہائش پر مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات کے حوالے آگاہ کریں گے۔

ایک اندازے کے مطابق چوہدری پرویز الہی وزیراعظم کو مولانا فضل الرحمان کے مطالبات کے حوالے سے آگاہ کریں گے اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کریں گے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ معاشی بدحالی اور جنرل الیکشن 2018 میں دھاندلی کو بنیاد بنا کر مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر سے حکومت کے خلاف مارچ شروع کر کے اسلام آباد میں پشاور موڑ پر دھرنا دے رکھا ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers