قومی

ہمیں غلامی کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم کا دورہ فیصل آباد، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگِ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ریاست کمزور طبقوں کے فلاح کی ذمےدار ہے۔ ہمیں غلامی کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے۔ پاکستان کا مستقبل صنعتی ترقی سے منسلک ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں اسپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق سی پیک کےتحت پہلے انڈسٹریل سٹی میں ملکی وغیرملکی کمپنیاں 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری کریں گی۔ جس سے تین لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی دولت میں اضافہ کرنا اور عوام پر خرچ کرنا ہے۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا جو ہمارے لئے ایک ماڈل ہے۔ اس لیے دنیا چین کی ترقی سے خوفزدہ ہے۔

چین کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان میں بہت دلچسپی رکھتا ہے۔۔ وہاں کے سرمایہ کار یہاں آنا چاہتے ہیں۔ ہمیں تعلیم اور فنی تعلیم پر توجہ دینا ہے۔ چین ہمارے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے بنائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کمزور طبقے کی ذمہ داری اور انصاف کی فراہمی کا نام ہے۔ جانوروں کے معاشرے میں رحم نہیں ہوتا۔ طے کیا ہے کہ ہمیں ریاست مدینہ کے راستے پر چلنا ہے۔

وزیراعظم کا نوجوانوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ نوجوانوں اور ملک کی ترقی کیلئے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن ضروری ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو روز گار نہیں ہوگا اور پھر ملک کیسے ترقی کریگا۔ پاکستان کا مستقبل صنعتی ترقی سے مشروط ہے لیکن سرمایہ دار کیخلاف مہم چلا کر صنعتی ترقی کا پہیہ روک دیا گیا۔ صنعتی ترقی کی طرف نہ بڑھے تو نوجوانوں کو روزگار دینا مشکل ہو جائے گا۔

ہمیں صنعتوں اور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔ ہم سیاحت کو فروغ دے کر بہت پیسا کما سکتے ہیں۔ زرعی شعبے میں بھی پیدا وار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وہ وقت بھی آئے گا جب پاکستان میں تیل کی نہریں بہیں گی۔

صنعتکاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن ہورہی تھی اور 70 کی دہائی میں جو پالیسیاں آئیں اس نے پاکستان کو غلط راستے پر لگا دیا۔

انگریزی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ طبقاتی تفریق کو ختم کرنا ہے۔ اسمبلی میں انگریزی میں تقریر کرنا غلامانہ ذہنیت ہے۔ مجھے پتہ ہے قومی اسمبلی میں کس کو کتنی انگلش آتی ہے۔ جنہیں سمجھ نہیں آتی وہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ سمجھ آرہی ہے۔

بیوروکریسی پہ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون کی وجہ سے سرکاری دفاتر میں فائلیں آگے نہیں چل رہی تھیں اور افسران دستخط کرتے ہوئے ڈرتے تھے۔ نیب آرڈیننس لانے کا مقصد بیوروکریسی کوکھل کر کام کرنے کا موقع دینا ہے۔

چیف سیکریٹری سے کہتا ہوں اب بیوروکریٹ کے پاس کوئی بہانہ نہیں۔ امید کرتا ہوں بیوروکریٹ اب تیز رفتاری سے کام کریں گے۔

انہوں نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو داد دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب نے بڑے ڈاکوؤں کو پکڑنا شروع کیا ہے اب امید کرتا ہوں پنجاب میں 3ماہ بعد کوئی مافیا، ڈاکو نہیں نظرآئے گا۔

ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 4 ہزار ایکڑ رقبے پر بنایا گیا ہے جس میں مختلف نوعیت کے نئے صنعتی یونٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ موٹر وے ایم فور پر ساہیاں والا انٹرچینج فیصل آباد کے قریب واقع ہے۔ اس کے مین بولیوارڈ، داخلی گیٹ اور باؤٴنڈری وال کو چھ ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔

Comment here

instagram default popup image round
Follow Me
502k 100k 3 month ago
Share