بین الاقوامی

برطانوی شاہی جوڑے کا اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان

برطانوی شاہی جوڑے کا بڑا فیصلہ۔ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان۔ شہزادہ ہیری اور میگھن کا اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکہ میں گزارنے کا فیصلہ۔ بکنگھم پیلس شاہی جوڑے کے فیصلے پر مایوس۔

شاہی جوڑے شہزادہ ہیری اورمیگھن نے شاہی خاندان کے “سینئر رکن” کے عہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد شہزادہ ہیری اورشہزادی میگھن مارکل سینئررائل نہیں رہیں گے۔

ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس نے کہا کہ یہ فیصلہ کئی ماہ کی سوچ وبچار کے بعد کیا۔ رواں سال سے شاہی جوڑا اپنے اس فیصلے پر عملدرآمد کرے گا۔

وہ اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکا کے درمیان گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  اس کے ساتھ ساتھ وہ مالی طور پر بھی اپنے پاوؤں پر خود کھڑے ہو جائیں گے۔

شاہی جوڑے کا کہنا تھا کہ ہماری مکمل حمایت ملکہ برطانیہ اور تاج برطانیہ کے ساتھ رہے گی اور اپنے بیٹے کی پرورش بھی شاہی روایات کے مطابق جاری رکھیں گے اور اپنے رفاعی منصوبے پر مکمل توجہ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق  ملکہ برطانیہ سالانہ 5 ملین پاؤنڈز شہزادہ ہیری اور اُن کے بھائی شہزادہ ولیم کودیتی ہیں اس کے علاوہ شہزادہ چارلس بھی اپنے بیٹوں ہیری اور ولیم کو سالانہ لاکھوں پاؤنڈز ادا کرتے ہیں البتہ علیحدگی کے بعد پرنس ہیری کو اب یہ رقم یا دیگر سہولیات میسر نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب شاہی خاندان کے اعلیٰ ارکان بھی اس اعلان سے بالکل واقف نہ تھے جبکہ شاہی جوڑے کے دستبرداری کا اعلان انہیں ناگوار گزرا ہے۔

بکنگھم پیلس کی خاتون ترجمان نے کہا کہ ڈیوک اور ڈچز کے ساتھ ان کے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے پر بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم ان کے مختلف انداز اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن پر کام کرنے میں وقت لگے گا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ سال 2018 میں برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

 

 

 

 

 

 

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers