قومی

ملک بھر کے علاقوں میں بارش اور برفباری

 

سردی نے جانے کا ارادہ مؤخر کر دیا۔ بالائی وسطی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے کئی شہروں میں بارش۔ لاہور میں رات سے رم جھم، اسلام آباد میں بھی گھٹائیں، کراچی میں سائبیرئین ہواؤں نے دانت کپکپا دیے۔ محکمہ موسمیات کے بطابق 13 جنوری کے بعد سردی بڑھے گی۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سکولوں میں چھٹیاں ختم۔

کراچی، لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل خوب گرجے برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

کراچی میں سائبیرئین ہواؤں سےشہری کپکپانے لگے۔ شہرمیں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم کراچی سے نکل گیا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسم سرما کی بارش ہوئی۔

لاہور میں صبح کے وقت کالی بدلیاں چھائیں اور پھر رم جھم بارش ہوئی۔ گڑھی شاہو، دھرم پورہ، ایئر پورٹ، گلبرگ، فیروز پور روڈ ، جوہر ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف حصوں میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

خیبر پختون خوا، قبائلی علاقہ جات، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں شدید برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔
بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوگیا اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے مسافر گاڑیاں پھنس گئیں اور ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔

بولچشتان کے بالائی علاقوں میں 3 سے 4 فٹ تک برف پڑ چکی ہے اور یہاں کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، کچھی، کولپور اور ہرنائی سمیت دیگر علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

مری میں مال روڈ میں سیاحوں کا بے تحاشہ رش پایا گیا ہے۔ نوجوانوں نے برفباری کا خوب لطف لیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو میں رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدیدبرفباری ہے۔ برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات زیادہ ہیں جبکہ بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برفباری سے بند ہے۔

اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

Comment here

379,066Subscribers
8,414Followers