قومی

وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں: فواد چوہدری

وزیرسائنس فواد چوہدری بزدار سرکار کی کارکردگی سے ناخوش۔ کہا پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ، صرف 77 ارب ریلیز کیے گئے۔  صوبے میں سیاسی سائڈ ڈیلیور کر رہی ہے نہ انتظامی۔ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، جو عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ فواد چوہدری کا وزیراعظم کو خط ۔ اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل۔

سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے۔

وزرائے اعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے جیسے فارمولے کے تحت فنڈز وفاق صوبوں میں تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائی سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے۔

اس کے علاوہ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈیلیور نہیں کر پا رہا کس جی وجہ سے پی ٹی آئی کو مجموعی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔ پنجاب کے 350 ارب ترقیاتی بجٹ میں سے صرف 77 ارب ریلیز ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں نہ سیاسی حصہ ڈیلیور کر رہا ہے اور نہ ہی انتظامیہ توقعات پر پورا اتر رہی ہے۔ پنجاب کے ڈیلیور نہ کرنے سے عوامی سیاسی محاذ پر پی ٹی آئی کی کارکردگی پر تنقید ہو رہی ہے اور مرکز کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں وسائل کی بہتر تقسیم کے لیے تجاویز پیش کیں ہیں۔

لکھا کہ پنجاب پروونشل فنانس ایوارڈ بھی اضلاع کو نہیں دے رہا۔ صوبائی سطح پرنہ کچھ ہو رہا ہے اور نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں جب کہ جس فارمولے کے تحت وفاق فنڈز صوبوں کو دیتا ہے اسی طرح اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں، اس سے صوبے کے مسائل حل ہوں گے۔

وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے مزید لکھا کہ عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کااجرا نہیں ہوگا۔

آپ سے گزارش ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کانوٹس لیں اور صوبوں بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیں۔

Comment here

instagram default popup image round
Follow Me
502k 100k 3 month ago
Share